اسلام آباد، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ اگر عمران خان کا شوق پورا نہیں ہوا تو وہ ایک اور کال دے کر شوق پورا کر لیں۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کے دوران وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر ان لوگوں نے پورے بلیو ایریا کو لال سیاہی پھینک کر سرخ کیا ہوا ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ یہ لوگ اپنے ساتھ وہ دہشتگرد لائے تھے جو کبھی وفاقی دارالحکومت کے قلب میں پہنچنے کا تصور بھی نہیں کر سکتے تھے، عمران خان کا شوق پورا نہیں ہوا تو وہ ایک اور کال دے کر شوق پورا کرلیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے سینکڑوں ہلاکتوں کی کہانی اپنی پسپائی چھپانے کی کوشش ہے، یہ لوگ ڈس انفارمیشن کے چیمپئن ہیں، پی ٹی آئی والوں نے جلیانوالہ باغ کا سین بنایا ہوا ہے، یہ لوگ کبھی اپنے لوگوں کو رُلاتے ہیں اور کبھی ہنساتے ہیں۔
دوسری جانب سیکیورٹی انتظامات کی مد میں پی ٹی آئی کا 3 روزہ احتجاج قومی خزانے کو 50 کروڑ روپے سے زائد میں پڑا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کنٹینرز کا کرایہ، آنسوگیس کے 35 ہزار شیلز کی خریداری، ربڑ کی گولیوں اور بندوقوں کی خریداری کی مد میں وفاقی پولیس کے 33 کروڑ28 لاکھ روپے خرچ ہوئے ہیں۔