اسلام آباد، نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کی سہولت کے لیے خود کار مشینیں نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اب شناختی کارڈ میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کرنا آسان ہو گیا۔
اسمارٹ قومی شناختی کارڈز کی تجدید اور گمشدہ شناختی کارڈ کے حصول کیلئے کراچی میں سیلف سروس کیوسک نصب کی جائے گی، جس سے لمبی قطاروں اور طویل انتظار کے بغیر کوئی بھی شہری خود کار طریقے سے مستفید ہوسکے گا۔
ابتدا میں سیلف سروس کیوسک نادرا میگا سینٹرز بعدازاں ایئرپورٹ، ریلوے اسٹیشن اور شاپنگ مالز میں نصب کیے جائیں گے۔
نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عمار حیدر کے مطابق آئیڈیاز نمائش کے ذریعے سیلف سروس کیوسک کی رونمائی کر دی گئی، اب اگلے مرحلے میں اس خود کار سسٹم کے کچھ آزمائشی مراحل ہوں گے، جس کے بعد اس کو شہر کے کسی بھی میگا سینٹر میں نصب کر دیا جائے گا۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کراچی میں اس کی تنصیب پہلی مرتبہ ہو گی، تاہم اگر ملک کے دیگر شہروں کی بات کریں تو یہ سیلف سروس کیوسک اسلام آباد کے میگا سینٹر میں نصب کیا جا چکا ہے۔