چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ ہم بھارت جاکر کرکٹ کھیلیں اور بھارت پاکستان نہ آئے، بھارت کو پاکستان آنا پڑے گا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ اسٹیڈیم کی تعمیرات کا کام 10 اکتوبر کو شروع ہوا، امید ہے دسمبر کی 20 سے 25 تاریخ تک تعمیراتی کام مکمل ہوجائے گا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی میں چند مہینے باقی رہ گئے ہیں، کافی دن سے قذافی اسٹیڈیم کا چکر نہیں لگا تھا، اسٹیڈیم میں لوگوں کی گنجائش 35 سے 40 ہزار تک ہوجائے گی۔
چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی، ہمارے ملک کے لئے جو بہتر ہوگا وہ کریں گے، پاکستان اور کرکٹ کے مفاد میں جو ہوگا وہ کریں گے، بھارت کی جانب سے تحریری طور پر کچھ نہیں ملا۔
آئی سی سی سے ہماری بات چیت جاری ہے، ہم اپنے موقف پر قائم ہیں، امید ہے جے شاہ جب آئی سی سی میں آئیں گے تو آئی سی سی کے مفاد کو دیکھیں گے، پاکستان پرامن ملک ہے کسی کو گھبرانے کی ضرورت نہیں۔