پشاور، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ کرم میں مخالف گروہوں کے درمیان 10 دنوں کے لیے سیز فائر ہوگیا۔
وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کی جانب سے ضلع کرم کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ فریقین کے درمیان جنگ بندی خوش آئند اقدام ہے، علاقے میں پائیدار امن اور تنازعات کے حل کیلئے مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ کرم میں مخالف گروہوں کے درمیان 10 دنوں کے لیے سیز فائر ہوگیا ہے، نقصانات کے ازالے کے لیے تخمینہ لگایا جارہا ہے جب کہ محفوظ نقل و حمل کے لیے سکیورٹی پلان پر بھی کام جاری ہے۔
یاد رہے کہ کرم میں مسافر گاڑیوں کے قافلے پر حملوں اور قبائل کی جھڑپوں میں مجموعی طور پر 102 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 138 زخمی ہوئے۔
دوسری جانب صدر بیلاروس الیگزینڈر لوکاشینکو کی جانب سے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی گئی ، جس میں باہمی دلچسپی اور دفاعی تعاون کے امور زیر غور آئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر بھی بات چیت کی گئی۔