وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کہیں دو نمبر گیم تو نہیں کھیل گئیں۔
اسلام آباد، وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کو چیک کرنا چاہیے کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کہیں دو نمبر گیم تو نہیں کھیل گئیں۔ وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے پی ٹی آئی کو مشورہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ چیک کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سنگجانی میں بیٹھنے پر سابق وزیراعظم عمران خان اور پارٹی لیڈرشپ راضی تھی، یہ سنگجانی بیٹھ جاتے تو آج انٹرنیٹ، سڑکیں بند ہوتے اور ڈی چوک پر حملے کا خطرہ رہتا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ حکومت کو تو بشریٰ بی بی کا تہہ دل سے مشکور ہونا چاہیے، عمران خان کی اہلیہ کی ضد پر پختونخوا سے آنے والے ڈی چوک پر حملہ آور ہوئے، پھر کپڑے، گاڑیاں اور جھنڈے چھوڑ کر بھاگے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی فرار ہوگئی، علی امین گنڈا پور کارکنان کے ہاتھوں سارا دن رل گیا، تحریک انصاف کی کمٹمنٹ برباد ہوگئی۔