اسلام آباد، وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دشمنوں کو اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کی جانب سے اسٹاک ایکسچینج میں انڈیکس کے ایک لاکھ کا ہندسہ عبور کرنے پر قوم کو مبارکباد دی گئی۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں تیزی حکومتی پالیسیوں پر کاروباری برادری کے بھروسے کی عکاس ہے۔
وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ معاشی ٹیم اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مصروف عمل حکام لائق تحسین ہیں، میں نے قوم سے عہد کیا تھا کہ معاشی استحکام اور ملکی ترقی کے لیے ہر ممکن قدم اٹھاؤں گا اور پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے ہم نے سیاست کی قربانی دی۔
وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ اللہ کے فضل سے ہماری سیاسی قربانی رائیگاں نہیں گئیں جبکہ دشمن پاکستان کو دوبارہ ڈی ریل کرنے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح میں مزید کمی ہوئی ہے، ہم ملکی ترقی کے لیے یونہی محنت کرتے رہیں گے۔ اور دشمنوں کو اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔