آرمی چیف جنرل عاصم منیر کہتے ہیں پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات باہمی اعتماد اور تعاون پر مبنی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژانگ یوشیا نے اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔
اس سے قبل چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژانگ یوشیا نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ون آن ون ملاقات بھی کی اور بعد ازاں وفود کی سطح کے مذاکرات ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان اہم ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے باہمی اعتماد اور تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام حالات میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے پر چینی قیادت کے شکرگزار ہیں۔ دونوں ملکوں کے تعلقات باہمی اعتماد اور تعاون پر مبنی ہیں اور یہ مثالی تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو پہنچنے پر جنرل ژانگ یوشیا نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاکستان کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔