انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے مستقبل پر غور کے لیے بورڈ کی اہم میٹنگ بلالی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے مستقبل پر غور کے لیے 29 نومبر کو بورڈ کی اہم میٹنگ بلالی۔
ترجمان آئی سی سی کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ یہ میٹنگ آن لائن منعقد ہوگی اور تمام بورڈ ممبران کو ایجنڈا بھیج دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹنگ کے دوران چیمپئنز ٹرافی کے شیڈولنگ اور مستقبل پر غور کیا جائے گا، اجلاس میں چیمپئنز ٹرافی پر مختلف آپشنز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
مختلف آپشنز میں چیمپئنز ٹرافی کا ہائبرڈ ماڈل، پاکستان سے مکمل منتقلی، یا ٹورنامنٹ کا التوا شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق بورڈ کی ترجیح چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل کو اپنانا ہے، تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ہی اس ماڈل کی مخالفت کرچکا ہے۔
ذرائع کے مطابق بورڈ اراکین کی رائے اور تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے آئی سی سی کوئی حتمی فیصلہ کرے گا۔