اسلام آباد، سینیٹر اور رہنما مسلم لیگ ن عرفان صدیقی نے کہا کہ تحریک انصاف کے بارے میں واضح اور دوٹوک فیصلے کا وقت آ پہنچا ہے، مزید تاخیر بہت مہنگی پڑے گی۔
رہنما مسلم لیگ ن اور سینیٹر عرفان صدیقی کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام میں کہا گیا کہ فیصلہ کرنا پڑے گا کہ پاکستان مخالف ایجنڈے پر عمل پیرا گروہ، سیاسی جماعت کہلانے کا حق رکھتا ہے؟
ن لیگی سینیٹر کا کہنا تھا کہ ملک کی 77 سال کی تاریخ میں کون سی ایسی جماعت ہے جس نے صوبائی طاقت کے ذریعے وفاق پر لشکر کشی کی ہو؟ فائرنگ کی ہو، آنسو گیس پھینکی ہو، نصف درجن اہلکاروں کو قتل اور سینکڑوں کو زخمی کر دیا ہو؟
عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی 9 مئی 2023 کے بعد ہر گز سیاسی جماعت نہیں رہی تھی لیکن اسے لمبی ڈھیل دی گئی، نتیجہ یہ کہ سیاسی جھنڈا اٹھائے ایک خونخوار لشکر لاشیں گراتا، خون بہاتا، 9 مئی سے کہیں بڑا 9 مئی ساتھ لئے اسلام آباد تک آن پہنچا ہے۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ لاشیں اُٹھاتی اور جنازے پڑھتی اسٹیٹ نے اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرنے کے لئے رد عمل دیا تو پھر یہ فسادی گروہ مظلومیت کی چادر اوڑھ کر سیاسی حقوق کا واویلا کریں گے۔