اسلام آباد پر دھاوے اور گھیراؤ کو پرُامن احتجا ج میں نہ بدلا گیا تو لینے کے دینے پڑ جائیں گے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے اسلام آباد پر ممکنہ دھاوے اور گھیراؤ کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس احتجاج کو پرامن نہ بنایا گیا تو صورت حال خطرناک ہو سکتی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ تبدیلی، آزادی، اور جمہوریت کے نام پر ریاستی اداروں کی مدد سے حکومتیں گرانے اور بنانے والے حقیقی جمہوری اقدار سے بے نیاز ہوتے ہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے ان نعروں کو "دلفریب” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد صرف عوام کو دھوکہ دے کر اقتدار حاصل کرنا ہے۔ ان کے مطابق، قومی مزاج یہ ہے کہ سخت حالات اور آزمائشوں سے کچھ سیکھنے کے بجائے وہی غلطیاں دہرائی جاتی ہیں، اور یہی رویہ تمام فریقین اپنا رہے ہیں۔
انہوں نے خیبر پختونخوا کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پارہ چنار اور دیگر علاقوں میں جاری دہشت گردی سے نمٹنے کی ذمہ داری پوری کرنے کے بجائے، صوبائی حکومت ریاستی وسائل کے ذریعے وفاق پر حملہ کرنے میں مصروف ہے، جو کہ ایک انتہائی تشویشناک اور غیر ذمہ دارانہ اقدام ہے۔