بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکا شنکو 3 روز کے دورے پر وفاقی دارالحکومت پہنچ گئے۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے نور خان ائیربیس پر بیلا روس کے صدر کا استقبال کیا، بیلا روس کے صدر 27 نومبر تک پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور سینیئر سرکاری حکام بھی معزز مہمان کے استقبال کیلئے موجود تھے۔
بیلاروس کے صدر کی دورہ پاکستان میں وفاقی دارالحکومت میں وزیراعظم شہبازشریف کے ساتھ ملاقات ہوگی، پاک بیلاروس قیادت دوطرفہ تعاون اور روابط بڑھانےکیلئے بات چیت کرے گی۔
علاوہ ازیں بیلا روس کے صدر کے دورہ پاکستان میں کئی معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط ہوں گے۔
واضح رہے کہ بیلاروس کے وزیرخارجہ کی زیر قیادت 68 رکنی اعلیٰ سطحی وفد گزشتہ روز پاکستان پہنچا تھا، وفد میں بیلاروس کی کابینہ کے اہم وزراء سمیت معروف کاروباری شخصیات اور سرمایہ کار شامل ہیں۔
اب سوموار کو وزیراعظم پاکستان شہبازشریف کی دعوت پربیلاروس کے صدر پاکستان پہنچے ہیں۔