لاہور، اداکارہ حریم فاروق نے کہا ہے کہ ہمارے معاشرے میں دھوکے سے دوسری شادی کرنا معمول بن چکا۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں تقریبا ہر دوسرے گھر میں دوسری شادی جیسے مسائل موجود ہیں۔
مشہور اداکارہ حریم فاروق نے حالیہ انٹرویو میں ڈرامہ ’بسمل‘ میں اپنے کردار اور معاشرتی مسائل پر کھل کر بات کی۔ انہوں نے معصومہ نامی لڑکی کا منفی کردار ادا کیا، جس نے ان کی ذہنی صحت پر بھی اثر ڈالا۔ انہوں نے بتایا کہ شوٹنگ کے ختم ہونے کے بعد بھی کئی ماہ تک وہ منفی خیالات میں مبتلا رہیں، لیکن ذہنی صحت پر کام، تھراپی سیشنز، اور مثبت سرگرمیوں کے ذریعے خود کو بہتر بنایا۔
حریم فاروق نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ڈرامے میں ان کا کردار دراصل ہمارے معاشرے کی عکاسی کرتا ہے، جہاں دھوکے سے دوسری شادی کرنا ایک عام رویہ بن چکا ہے۔ ان کے مطابق، اسلام دوسری شادی کی اجازت دیتا ہے، لیکن دھوکے سے شادی کرنا اور پہلی بیوی اور خاندان کے جذبات کو مجروح کرنا معاشرتی مسائل کو جنم دیتا ہے۔ ڈرامے میں بھی یہی دکھایا گیا کہ کاروباری شخص کی دھوکے پر مبنی دوسری شادی کیسے پورے خاندان کو متاثر کرتی ہے۔
اداکارہ نے اپنی آنے والی فلم ’مینگو جٹ‘ کا بھی ذکر کیا، جس میں فیصل قریشی اور شمعون عباسی جیسے اداکار شامل ہیں۔ حریم فاروق نے بتایا کہ فلم کے ہدایت کار ابو علیحہ نے انہیں اس فلم میں کام کرنے کی پیشکش کی تھی، لیکن کہانی پسند آنے کے بعد انہوں نے اس فلم کو پروڈیوس کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔
حریم نے ہانیہ عامر کو متعارف کرانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہانیہ نے اپنے ٹیلنٹ کی بدولت انڈسٹری میں مقام حاصل کیا اور وہ ملک کا نام عالمی سطح پر روشن کر رہی ہیں۔