لاہور، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے پی ٹی آئی کا احتجاج مسلح دہشتگردی کی کاوش قرار دیدیا گیا۔
ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ غازی بروتھا، میانوالی، ہزارہ موٹروے اور دیگر مقامات پر پولیس پوسٹوں پر فائرنگ کی گئی، ایس پی، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او سمیت 20 سے زائد پولیس اہلکاروں کا حملوں میں زخمی ہونا افسوسناک ہے، تحریک انصاف کا احتجاج، احتجاج کی بجائے مسلح دہشتگردی کی کاوش ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ مظاہرین کے پاس شارٹ مشین گن، آنسو گیس، چاقو اور ماسک وغیرہ بھی دیکھے گئے ہیں، ایسا اسلحہ استعمال ہوا جو صرف پولیس کے پاس ہوتا ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس کو پہلے بھی تصادم سے بچنے کے لیے غیر مسلح رکھا گیا تھا اور اب بھی پولیس بغیر ہتھیار کے ہیں، ایک صوبے کی پولیس کا دوسرے صوبے پر حملہ قومی یکجہتی کو پارہ پارہ کرنے کے مترادف ہے۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے کارکنان قافلوں کی شکل میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی جانب روانہ ہیں اور صوبہ کے پی سے آنے والے قافلوں کا کل رات اور آج مختلف مقامات پر پولیس سے آمنا سامنا ہوا ہے۔