راولپنڈی، پی ٹی آئی کا احتجاج دوسرے روز میں داخل ہوگیا۔
تحریک انصاف کے احتجاج کو مدنظر رکھتے ہوئے اسلام آباد اور راولپنڈی کو ملانے والے راستے دوسرے روز بھی بند ہیں، انتظامیہ نے جڑواں شہروں میں آج تعلیمی ادارے بند رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
اسلام آباد ایکسپریس وے اور مری روڈ ہر طرح کی ٹریفک کے لیے بند ہیں، جڑواں شہروں کے داخلی اور خارجی راستوں کی کڑی نگرانی جاری ہے جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میٹرو بس سروس دوسرے روز بھی بند ہے۔
مریضوں کو اسپتالوں تک پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہورہا ہے۔
تحریک انصاف احتجاج کیلئے گنڈاپور اور بشریٰ بی بی کا قافلہ برہان کے قریب ڈھوک گھر پہنچ گیا راولپنڈی سے پی ٹی آئی کا کوئی بڑا قافلہ تاحال اسلام آباد داخل نہ ہوسکا، روات، مندرہ، چکری اور 26 نمبر چونگی سمیت 33 اہم داخلی راستوں پر اضافی نفری تعینات ہے، راولپنڈی میں پولیس کے خصوصی دستوں کا گشت جاری ہے۔
فیض آباد انٹرچینج، آئی جے پی روڈ اور ڈبل روڈ کنٹینرز لگا کر بند رکھے گئے ہیں جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں موبائل سروس بحال ہے اور ڈیٹا سروس بند ہے، علاوہ ازیں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ ہے۔