خیبر پختونخوا کے سرکاری وفد کے ہیلی کاپٹر کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔
پاراچنار، خیبرپختونخوا کے وفد کے ہیلی کاپٹر کے قریب فائرنگ کا انتہائی افسوناک واقعہ پیش آیا ہے، فائرنگ سے کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاراچنار میں اس وقت جرگہ جاری ہے، جرگہ میں صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم ایڈووکیٹ، چیف سیکرٹری سمیت دیگر حکام شریک ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کا کہنا ہے کہ علاقے میں فائرنگ معمول کی بات ہے، ہیلی کاپٹر کو ٹارگٹ نہیں کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ کرم میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم ایڈووکیٹ کی قیادت میں وفد جرگے کے لئے پشاور سے روانہ ہوا تھا۔
دوسری جانب ،مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال چودھری کا کہنا ہے کہ دشمنوں کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہورہی، جب بھی پاکستان ترقی کرنے لگتا ہے یہ احتجاج اور دھرنا دینا شروع کر دیتے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران دانیال چودھری کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے ملنے والے تحائف بیچے، ایس سی او کو ناکام کرنے کے لیے بھی انہوں نے کوئی کسرنہیں چھوڑی،بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا حالیہ بیان قابل مذمت ہے۔