اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر عمل درآمد کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے رابطہ کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور بیرسٹر گوہر کے درمیان ٹیلوفونک گفتگو ہوئی ہے، جس میں وزیر داخلہ نے بیرسٹر گوہر سے موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔ محسن نقوی کی جانب سے بیرسٹر گوہر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے بعد کی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ ہم اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے پابند ہیں، کسی جلوس، دھرنے یا ریلی کی اجازت نہیں دے سکتے۔
وزیرداخلہ کی جانب سے بیرسٹر گوہر کو بیلاروس کے وفد کی 24 نومبر سے 27 نومبر تک کی مصروفیات سے آگاہ کیا گیا، جس پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پارٹی مشاورت کے بعد آپ کو حتمی رائے سے آگاہ کروں گا۔
واضح رہے کہ تاجروں کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کا احتجاج رکوانے کے لیے ایک درخواست دائر کی گئی تھی جس پر عدالت نے تحریک انصاف کو احتجاج کی اجازت دینے سے انکار کرتے ہوئے وزیر داخلہ کو حکم دیا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے رابطہ کر کے معاملے پر بات کی جائے۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے جبکہ حکومت نے پی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاج کو روکنے کے لیے پنجاب اور کے پی سے اسلام آباد آنے والے راستے بند کر دیے ہیں اوراسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر سکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے۔
پولیس کے علاوہ ایف سی اور رینجرز کے دستے بھی جڑواں شہروں میں تعینات کر دیے گئے ہیں۔