اسموگ سے بچاؤ کیلئے بیکار پڑی زمین پر زرعی جنگل لگانے کا فیصلہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور، ماحولیاتی بہتری اور سموگ سے بچاؤ کیلئے پنجاب حکومت کی جانب سے لاکھوں ایکڑ بیکار پڑی زمین پر زرعی جنگل لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے صوبے کی تمام سرکاری و نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز پر فوکس کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، درختوں اور شجر کاری میں اضافے سے فضائی آلودگی کا خاتمہ کیا جائے گا۔

latest urdu news

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آکسیجن کی مقدار بڑھے گی، یہ منصوبے اسموگ اور فضائی آلودگی کے خاتمے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کے مختصر اور طویل المدتی وژن کا نتیجہ ہیں۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ منصوبے کے تحت ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں درختوں کی تعداد بڑھائی جائے گی، شہروں کے اندر اور تمام شاہراہوں کے کنارے درختوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ خراب گاڑیاں سڑکوں پر نہیں چلنے دیں گے، گاڑی کا سرٹیفائیڈ ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے، محکمہ تحفظ ماحولیات کی جانب سے صنعتی یونٹس، بھٹوں پر چھاپوں اور خلاف ورزیوں پر کارروائیاں جاری ہیں۔

زائد دھوئیں والی گاڑیوں کی پڑتال کی جارہی ہے، اب تک 46 لاکھ روپے سے زائد کے ریکارڈ جرمانے کیے جا چکے ہیں۔

صوبائی وزیر نے یہ بتایا کہ خلاف ورزیوں پر 14 صنعتی یونٹس کو سیل کر کے 8 پرچے درج کیے جا چکے ہیں جبکہ ایک صنعتی یونٹ کو مسمار کیا گیا ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شہری علاقوں میں شور اور فضائی آلودگی میں کمی کے لیے کارروائیاں جاری ہیں، سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ بھی کیا جارہا ہے، گرد و غبار روکنے، مٹی، ریت کی اوورلوڈنگ سے پھیلنے والی آلودگی روکنے کے لیے خصوصی سکواڈز متحرک ہیں۔

News Alert Urdu