اسلام آباد، رہنما مسلم لیگ ن اور سینیٹر طلال چودھری کا کہنا ہے کہ عمران خان کی زوجہ بشریٰ بی بی کے بیان نے ملک کا مستقبل داؤ پر لگایا۔
ایک ویڈیو پیغام میں سینیٹر طلال چودھری نے کہا کہ تحریک انصاف کی سیاست غیر سیاسی لوگوں کے ہاتھوں میں ہے، کل والے بیان پر انہیں شرم آنی چاہیے، جہاں آپ ننگے پاؤں جاتے تھے وہاں سے جیبیں بھر بھر کر لاتے تھے، سعودی عرب آپ کو پسند نہیں تھا تو ان کے تحفے کیوں لیے، اگر وہ ٹھیک نہیں تھے ان کے ڈرائیور کیوں بنے؟
طلال چوہدری نے کہا کہ جھوٹ پر بیانیہ بنانا آپ کی عادت ہے، جھوٹ کا بیانیہ، سائفر، آئی ایم ایف اور کبھی چائنہ کی شکل میں بنایا گیا، عمران خان نے چائنہ اور ان کے منصوبوں پر کرپشن کا الزام لگایا۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ سعودی عرب ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے، یہ پاکستان کے دوست ملک کو ہی ٹارگٹ کیوں کرتے ہیں۔
طلال چودھری کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں 35 لاکھ پاکستانی کام کرتے ہیں، چائنہ پر الزام لگایا جاتا ہے تاکہ پاکستان کی معیشت برباد ہو، آپ اپنی رہائی کیلئے ہر چیز تباہ کرنا چاہتے ہیں
عمران خان نے عہدوں کا غلط استعمال کیا، آپ آئی ایم ایف کو خط لکھتے ہیں کہ پاکستان کی معیشت بیٹھ جائے، یہ کھیل جان بوجھ کر سابق وزیراعظم کی مشاورت کے بعد کھیلا جارہا ہے۔