تونسہ شریف، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ کل ایک گھریلو خاتون جس کا سیاست سے تعلق نہیں اس نے دوست ملک پر حملہ کیا، درحقیقت اس نے پاکستان کے محسن ملک پر حملہ کیا۔
کچھی کینال کی بحالی کی تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ کچھی کینال کی بحالی میرے لیے خوشی کا دن ہے، مجھے خوشی ہے سابق وزیراعظم نوازشریف دور میں اس منصوبے کا آغاز ہوا، کچھی کینال کے پانی سے بلوچستان کی زمینیں آباد ہوں گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ دشمن انتظار میں بیٹھے تھے کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے، اب ہر روز اچھی خبر آ رہی ہے، سٹاک مارکیٹ بلند ترین سطح پر پہنچ گئی اور مہنگائی کم ہو رہی ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ جب بھی ملک میں ترقی آتی ہے (ن) لیگ کی حکومت ہوتی ہے، دھرنوں، احتجاج کی کال بار بار ناکام ہو رہی ہے، تحریک انصاف کے دور میں دوست ممالک کو ناراض کیا گیا، وزیراعظم پاکستان کی قیادت میں سفارتی سطح پر کامیابیاں مل رہی ہیں۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ آج بھی فارن پالیسی پر حملے ہو رہے ہیں، ایسے وقت میں حملے جب پاکستان ترقی کر رہا ہے، ان کا ایجنڈا بڑا خطرناک ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ملک پر حملے کوئی خارجی نہیں خیبرپختونخوا حکومت کر رہی ہے، پنجاب پولیس کے جوانوں کے سر دہشت گرد نہیں خیبرپختونخوا کی حکومت پھاڑ رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہم نے تو سنا تھا صوبوں کے درمیان ہم آہنگی ہونی چاہئے، جس ملک میں ایک صوبہ دوسرے صوبے پر چڑھائی کرے وہاں سرمایہ کاری کیسے آئے گی۔