لاہور، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا کہنا ہے کہ ن لیگ سے ہمارا اتحاد محبت کا نہیں مجبوری کا ہے۔
نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے زیر اہتمام 26 ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کے دوران گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ گورنر ایک آئینی عہدہ ہے، اصولی طور پر وزیراعلیٰ کو گورنر کے پاس آنا ہوتا ہے مگر اس کے باوجود میں خود وزیراعلیٰ سے ملنے گیا۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ اس بات کو باور کروایا کہ بطور اتحادی میری طرف سے آپ کو کوئی گلہ نہیں ہو گا، ہم صرف چاہتے ہیں چیزیں میرٹ پر ہوں اور بطور اتحادی مشاورت کی جائے، 6 ماہ ہو گئے ہیں لیکن آج تک وزیراعلیٰ نے فون کیا اور نہ ہی کبھی مشاورت کی۔
سردار سلیم حیدر کا کہنا تھا کہ فون پر کئی بار رابطہ کرنے کی کوشش کی مگر زیرو رسپانس آیا، ڈیڈ لاک ہوا، میں اب ان کے پاس جانا مناسب نہیں سمجھتا، حکومت کے اتحادی ہونے کے باوجود ہم سے مشاورت نہیں کی جاتی، ہمارا (ن) لیگ سے اتحاد محبت کا نہیں مجبوری کا ہے، پاکستان کی بقاء کے لیے ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ اگر پی پی مائنس ہو جائے تو وزارت عظمیٰ قائم نہیں رہ سکتی، پاکستان کی خاطر پھر بھی قربانیاں دیں گے، اپنی قیادت کو پنجاب کی صورتحال کے بارے آگاہ کیا ہوا ہے، 26 ویں آئینی ترمیم منظور کروانے میں بلاول بھٹو نے کلیدی کردار ادا کیا۔