لاہور، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ پنجاب میں مجموعی طور پر باقی صوبوں سے بہتر حالات ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب سے نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکا کی جانب سے ملاقات کی گئی، جس دوران شرکا نے وزیراعلیٰ کو سپر سی ایم کا خطاب دیا اور کہا کہ پنجاب میں آکر لگا اندھیرے سے روشنی میں آگئے ہیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں مجموعی حالات باقی صوبوں کی نسبت بہتر ہیں، یہاں کوئی بھی تعیناتی سفارش کی بنا پر نہیں کی جاتی، میرٹ کے معاملے پر کوئی کمپرومائز نہیں کرتی، اسموگ کو بھی جلد کنٹرول کرنا چاہتے ہیں، حکومتی اقدامات کے مثبت اثرات بھی سامنے آرہے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مہنگائی کم اور زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ رہے ہیں، اسٹاک مارکیٹ نے ریکارڈ توڑ دیے، آئی ٹی ایکسپورٹ بڑھ رہی ہیں، مہنگائی کنٹرول کرنا نہایت ہی مشکل کام ہے، تاہم 38 فیصد سے 7 فیصد پر آنا بہت بڑا کام ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ دہشتگردی کے خطرات رہتے ہیں، امن و امان اولین ترجیح ہے، پنجاب میں سیف سٹی بنائیں گے، ہر جگہ پینک بٹن لگائیں گے، کرپشن میری ریڈ لائن ہے، 15 کروڑ عوام کی زندگی پر مثبت اثرات مرتب کرنے والا ہر کام میری ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ حکومتوں کو کام نہیں کرنے دیا جاتا، ہم چور ڈاکو پکڑتے ہیں اور وہ عدالتوں سے چھوٹ کر آجاتے ہیں۔