اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے۔
دی ہیگ، عالمی فوجداری عدالت کی جانب سے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق عالمی فوجداری عدالت کی جانب سے جنگی جرائم کے ارتکاب کے الزام میں سابق اسرائیلی وزیر دفاع یواف گیلنٹ کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔
عالمی عدالت کی جانب سے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے سربراہ محمد ضیف کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ چیف پراسیکیوٹر عالمی عدالت کی جانب سے رواں سال مئی میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور دیگر کے جنگی جرائم کے ارتکاب کے الزام میں وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے لیے درخواست دی گئی تھی۔
یاد رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک جاری اسرائیلی جارحیت میں اب تک 40 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور ایک لاکھ سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔