نیویارک، بھارتی ارب پتی تاجر گوتم اڈانی اور ان کے بھتیجے پر رشوت اور دھوکا دہی کے مقدمے میں فرد جرم عائد کردی گئی۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ معروف کاروباری شخصیت گوتم اڈانی پر رشوت دینے اور دھوکا دہی کے مقدمے میں امریکا کی عدالت میں فرد جرم عائد کی گئی ہے۔
امریکی پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ گوتم اڈانی اور ان کے بھیتیجے پر سولر پلانٹ پروجیکٹ میں 26 کروڑ ڈالر کے فراڈ کے کیس میں فرد جرم عائد کی گئی۔
دوسری جانب امریکا میں بھارتی تاجر گوتم اڈانی اور ان کے بھتیجے ساگر اڈانی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے اور وارنٹ امریکا میں بھارتی سفارتی حکام کے سپرد کرنے کا امکان ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گوتم اڈانی اس وقت بھارت میں ہیں اور ان پر امریکا لاکر مقدمہ چلائے جانے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ گوتم اڈانی کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے بھی قریب سمجھا جاتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ گوتم اڈانی کا شمار دنیا کے 20 امیر ترین افراد کی فہرست میں ہوتا ہے اور انکے اثاثوں کی مالیت 57.6 ارب ڈالر ہے جبکہ آج کے دن گوتم اڈانی کے اثاثوں کی مالیت میں 12 ارب ڈالر (17.45 فیصد) کی کمی ہوئی ہے۔