میڈرڈ: ٹینس کی دنیا کے نامور اسٹار اور کلے کورٹ کے بادشاہ سپین کے رافیل نڈال کا شاندار انٹرنیشنل کیریئر اختتام پذیر ہو گیا۔
ٹینس کی دنیا کے لیجنڈری کھلاڑی اور کلے کورٹ کے کنگ رافیل نڈال نے اپنے شاندار انٹرنیشنل کیریئر کو خیر باد کہہ دیا۔ 22 گرینڈ سلیم ٹائٹلز، اولمپک گولڈ میڈل، اور 92 اے ٹی پی ٹائٹلز سمیت بے شمار کامیابیاں سمیٹنے والے اسپینش اسٹار کا کیریئر ڈیوس کپ کے آخری میچ میں شکست کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔
نڈال کو اپنے کیریئر کے آخری میچ میں ہالینڈ کے بوٹک فان ڈے زانسخُلپ کے ہاتھوں اسٹریٹ سیٹس میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ میچ کے بعد نڈال جذباتی نظر آئے، اور ان کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر دنیا کے نامور کھلاڑیوں جیسے راجر فیڈرر، نوواک جوکووچ، اور سرینا ولیمز نے انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر ان کے شاندار کیریئر کی جھلکیاں بھی ٹینس ایریا میں دکھائی گئیں۔
2001 میں 15 سال کی عمر میں اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے نڈال نے 14 فرنچ اوپن سمیت 22 گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتے، جن میں 4 یو ایس اوپن، 2 آسٹریلین اوپن، اور ومبلڈن شامل ہیں۔ وہ کلے کورٹ کے بے تاج بادشاہ مانے جاتے تھے اور 38 اے ٹی پی ماسٹرز ٹائٹل، 2008 کا اولمپک گولڈ میڈل، اور اپنے ملک کے لیے چار ڈیوس کپ ٹائٹلز بھی جیتے۔
نڈال نے ریٹائرمنٹ کا اعلان گزشتہ ماہ کیا تھا اور کہا تھا کہ ڈیوس کپ کے بعد وہ انٹرنیشنل ٹینس کو خیرباد کہہ دیں گے۔ اپنے کیریئر کے دوران وہ 209 ہفتوں تک عالمی نمبر ون کی پوزیشن پر بھی رہے۔ ان کے جانے سے ٹینس کی دنیا ایک عظیم کھلاڑی سے محروم ہوگئی۔