معروف گلوکار اے آر رحمان اور انکی اہلیہ سائرہ بانو نے اپنی شادی کے 29 سال بعد علیحدگی کا فیصلہ کر لیا۔ یہ جوڑا 1995 میں ایک ارینجڈ میرج کے ذریعے رشتہ ازدواج میں بندھا تھا۔
بالی وڈ کے معروف گلوکار اور موسیقار اے آر رحمان اور ان کی اہلیہ سائرہ بانو نے شادی کے 29 برس بعد علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ خبر 19 نومبر کی شب سامنے آئی، جب سائرہ بانو نے طلاق کا اعلان کیا اور اے آر رحمان نے بھی ایکس اکاؤنٹ پر اس کی تصدیق کی۔
اس اعلان کے بعد اے آر رحمان کے بچوں نے اپنے تاثرات انسٹاگرام اسٹوریز کے ذریعے شیئر کیے۔ ان کے بیٹے اے آر امین نے اپیل کی کہ اس مشکل وقت میں ان کی پرائیویسی کا احترام کیا جائے اور ان کی صورتحال کو سمجھا جائے۔
گلوکار کی بیٹی رحیمہ رحمٰن نے اپنے بھائی کی اسٹوری کو ری شیئر کرتے ہوئے کہا کہ "ہمیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔”
واضح رہے کہ اے آر رحمان اور سائرہ بانو کی شادی 1995ء میں ہوئی تھی، اور بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ طلاق جذباتی دباؤ اور تعلقات میں تناؤ کے باعث ہوئی۔ سائرہ بانو کی وکیل وندنا شاہ نے کہا کہ یہ فیصلہ کئی سال کی شادی کے بعد ایک مشکل لیکن ضروری قدم تھا۔