ذرائع کیمطابق پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے بانی چیئرمین عمران خان سے 24 نومبر کے احتجاج کی کال واپس لینے کی درخواست کردی۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے 24 نومبر کی احتجاجی کال واپس لینے کی درخواست کی ہے۔ ذرائع کے مطابق، آج ہونے والی ملاقات میں عمران خان نے بیرسٹر گوہر اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو مذاکرات میں پہل کرنے کی ہدایت کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرسٹر گوہر نے مؤقف اختیار کیا کہ احتجاج سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور حکومت سے بات چیت کرنی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ کریک ڈاؤن کی صورتحال میں زیادہ کارکنوں کو جمع کرنا مشکل ہوگا، جبکہ سردیوں کے موسم میں دھرنے کے شرکاء کو سہولت فراہم کرنا بھی چیلنج ہوگا۔
بیرسٹر گوہر نے عمران خان کو پارٹی کے اندرونی معاملات، بشمول عاطف خان اور علی امین گنڈاپور کی لڑائی کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق، اسٹیبلشمنٹ سے روابط کے لیے علی امین گنڈاپور کو ٹاسک دیا گیا ہے، جبکہ حکومتی شخصیات سے بات چیت کا کام بیرسٹر گوہر کو سونپا گیا ہے۔
بیرسٹر گوہر کی تردید
دوسری جانب، بیرسٹر گوہر نے احتجاجی کال واپس لینے یا حکومت سے مذاکرات پر بات چیت کی خبروں کی تردید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عمران خان سے ملاقات میں صرف علی امین گنڈاپور نے گفتگو کی، اور انہوں نے احتجاجی کال واپس لینے کی کوئی درخواست نہیں کی۔