وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی 24 نومبر کو دارالحکومت اسلام آباد میں احتجاج کی کال پر دارالحکومت اسلام آباد میں رینجرز تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وفاقی حکومت نے دارالحکومت اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے رینجرز اور ایف سی کی تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے وزارت داخلہ نے تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ رینجرز اور ایف سی کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت اختیارات دیے گئے ہیں۔
تعیناتی کے لیے چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے وزارت داخلہ کو خط لکھا گیا، جس کے بعد وزارت داخلہ نے یہ منظوری دی۔
رینجرز اور ایف سی وفاقی پولیس کے ساتھ مل کر دارالحکومت میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے معاونت فراہم کریں گے۔
یہ اقدام پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال پر عمل میں آیا، وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کیے گئے ہیں۔