’’سر معافی تلافی کردیں‘‘ فواد چوہدری کی توہین الیکشن کمیشن کیس میں استدعا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں معافی تلافی کی استدعا کر دی۔

الیکشن کمیشن میں فواد چوہدری کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی۔ ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے کیس کی سماعت کی فواد چودھری نے پیش ہو کر حاضری مکمل کروائی۔

latest urdu news

فواد چوہدری نے کمیشن کے سامنے موقف اختیار کیا کہ انہوں نے تینوں کیسز میں معافی مانگ لی ہے، انہوں نے معافی نامہ جمع بھی کروا دیا ہے۔ جس پر ممبر کے پی کے جسٹس اکرام اللہ نے کہا کہ آج تو چارج فریم کرنا ہے جس پر فواد چوہدری نے استدعا کی کہ سر معافی تلافی کر دیں۔

ممبر کمیشن نے کہا کہ کیا اب بھی آپ باہر جا کر وہی بات کر رہے ہیں یا فرق پڑ گیا ہے؟ جس پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آج کل آپ توجہ میں نہیں، آپ اوروں کی باتیں بھول جاتے ہیں لیکن میری یاد رکھتے ہیں۔ بعد ازاں الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 10 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اس وقت عوامی نمائندوں کی حکومت نہیں ہے بلکہ 18 سیٹوں والا وزیر اعظم بن گیا ہے، 24 نومبر کو ہونیوالے تحریک انصاف کے احتجاج کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ احتجاج کسی ایک جماعت کا یا فرد کا نہیں بلکہ یہ احتجاج ہر پاکستانی کے لیے ہے۔

بانی پی ٹی آئی کے اس وقت 3 مطالبات ہیں، مینڈیٹ کی واپسی، 26 ویں آئینی ترمیم اور سیاسی قیدیوں کی رہائی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر مذاکرات سے حل نکلتا ہے تو اس سے پاکستانی سیاست میں بہتری بھی آسکتی ہے۔ اگر مذاکرات سے حل نکلتا ہے تو اسے کمپرومائز نہ سمجھا جائے۔

News Alert Urdu