وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ ریاست ماں جیسی ہے، بچوں کی صحت، تعلیم، تحفظ اور ترقی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
عالمی یوم اطفال کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ بچے اللہ تعالی کا خاص تحفہ ہیں، بچوں کے بہترین مستقبل کیلئے تعلیم، صحت اور تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔ ان بچوں کی مسکراہٹ سے زیادہ خوبصورت چیز دنیا میں کوئی نہیں ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے بچوں کی سٹینڈرڈ گروتھ اور انہیں غذائی قلت سے بچانے کیلئے سکول نیوٹریشن پروگرام کا آغاز کیا ہے، ہم نے بچوں کے تحفظ کیلئے ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی کا آغاز کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ ذیابیطس کے مریض بچوں کو چیف منسٹر انسولین پروگرام سے مفت انسولین فراہم کی جائے گی۔
خصوصی بچوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اسپیشل بچوں کیلئے پاکستان کا پہلا سرکاری آٹزم سکول بنا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کا عزم ہے کہ ہر بچہ محفوظ، صحت مند اور تعلیم یافتہ ہو، ہم بچوں کے حقوق کی حفاظت ہر صورت یقینی بنائیں گے۔