بھارت، ریاست ہریانہ کے کالج میں خطرناک واقعہ پیش آیا، جب طالبعلموں کے ایک گروپ نے اپنی خاتون ٹیچر کی کرسی پر بم نصب کرکے دھماکا کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ حرکت بارہویں جماعت کے طالب علموں کی جانب سے کی گئی، جنہوں نے سائنس ٹیچر کی کرسی کے نیچے پٹاخے نما آلے سے دھماکا کیا۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر ٹیچر کے ڈانٹ ڈپٹ کیے جانے کے بعد طالب علموں نے دھماکا خیز ڈیوائس بنانے کے لیے یوٹیوب کا استعمال کیا، طریقہ سیکھنے کے بعد سٹوڈنٹس نے کرسی پر مواد نصب کیا جسے ریموٹ کے ذریعے اڑایا گیا۔
تاہم خوش قسمتی سے ٹیچر اس دھماکے میں محفوظ رہیں لیکن طلبا کی اس قسم کی عجیب حرکت کے بعد کئی سوالوں نے جنم لے لیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہریانہ کے محکمہ تعلیم نے سخت کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث 13 طلبہ کو 1 ہفتے کیلئے معطل کر دیا ہے۔
افسوسناک واقعے نے آن لائن پلیٹ فارمز کے غلط استعمال اور اسکولوں میں اساتذہ کی حفاظت کے بارے میں خدشات کو بھی جنم دیا ہے۔