وزیراعلیٰ مریم نواز نے طلبہ کو 130 ارب روپے کے وظائف دینے کا اعلان کردیا۔
لاہور، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے طلبہ کو وظائف دینے کے لئے 130 ارب روپے کا ہونہار سکالرشپ پروگرام لانے کا اعلان کر دیا گیا۔
ترجمان محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ ہونہار سکالرشپ حاصل کرنے کیلئے 68 ہزار سے زیادہ طلبہ کی جانب سے درخواستیں جمع کروا دی گئی ہیں، اسکالرشپ سکیم میں 65 یونیورسٹیوں، 359 کالجز اور 12 میڈیکل کالجز کے طلبہ نے اپلائی کیا۔
ترجمان محکمہ تعلیم کا کہنا تھا کہ 130 ارب روپے کا ہونہار سکالرشپ پروگرام تعلیم دوست اور وزیراعلیٰ کا شاندار اقدام ہے، اسکیم کے تحت 68 ڈسپلن/مضامین کے طلبہ کو سکالرشپ دی جائے گی، وزیراعلیٰ مریم نواز کے ویژن کے مطابق ہر سال 30 ہزار طلبہ اسکالر شپ سے مستفید ہوسکیں گے۔
ترجمان کے مطابق اسکالر شپ سکیم میں انڈر گریجویٹ ڈگری پروگرام کے طلبہ کی 4 سے 5 سال تک کی مکمل ٹیوشن فیس ادا کی جائے گی، اسکالر شپ پروگرام سے 22 سال سے کم عمر اور 3 لاکھ سے کم آمدن والے پنجاب کے شہری مستفید ہو سکیں گے۔