طالب علم ریگنگ کے دوران اپنی جان گنوا بیٹھا۔
نئی دہلی، بھارتی ریاست گجرات میں طلبہ کا کالج کے نئے طالب علم سے مذاق گلے پڑ گیا، طالب علم جان کی بازی ہار گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق واقعہ ریاست گجرات کے ایک میڈیکل کالج میں پیش آیا جہاں مبینہ طور پر سینئرز کی جانب سے ایک طالب علم کو ریگنگ کے دوارن 3 گھنٹے تک کھڑا رکھا گیا۔
سینئرز طلبہ کی جانب سے 18 سالہ فرسٹ ائیر کے طالب علم انیل کو گھنٹوں تک کھڑا رکھا گیا جس سے اس کی طبیعت خراب ہوگئی اور اسے اسپتال لے جانا پڑ گیا جہاں انیل نے بتایا کہ اسے 3 گھنٹے تک کھڑا رکھا گیا۔
نوجوان طالب علم اسپتال لیجانے کے کچھ دیر بعد انتقال کرگیا جس کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیجا گیا ہے تاکہ طالب علم کے موت کی وجوہات معلوم ہوسکیں۔
پولیس کے مطابق اس سلسلے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، مقدمے میں 15 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اکثر اسکول و کالجز میں نیو ایڈمیشن لینے والے طلبا و طالبات کیساتھ سینئرز ریگنگ کرتے ہیں، یاد رہے کہ مذاق اور مزاح میں فرق ہوتا ہے، مزاح ماحول کو خوشگوار کرنے کیلئے ہوتا جبکہ مذاق کسی کو اذیت دینے کیلئے ہوتا ہے، لہذا مزاح کریں، مذاق سے اجتناب کیا جائے۔