بھارتی کپتان روہت شرما اور ان کی زوجہ ریتیکا ساجدے کے ہاں شادی کے 9 سال بعد پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔
روہت شرما اور ریتیکا ساجدے کئی سالوں تک ایک دوسرے کو ڈیٹ کرنے کے بعد 15 دسمبر 2015 کو شادی کے بندھن میں بندھے تھے، بھارتی کپتان روہت شرما اور ان کی زوجہ ریتیکا ساجدے کے یہاں یہ دوسری اولاد کی پیدائش ہے، اس سے قبل اس جوڑے کی ایک 6 سالہ بیٹی سمیرا ہے۔
گزشتہ روز کئی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر روہت شرما کے ہاں بیٹے کی پیدائش کی خبر سامنے آئی تھی جس کے بعد اب بھارتی میڈیا کی جانب سے اس خبر کی تصدیق کردی گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق روہت کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش کی صحیح تاریخ کی ابھی تک تصدیق نہیں ہو سکی ہے لیکن جلد ہی جوڑے کی جانب سے بیٹے کی پیدائش کے حوالے سے اعلان متوقع ہے۔
یاد رہے کہ روہت شرما نے آسٹریلیا کے خلاف ہونیوالی بارڈر گواسکر ٹرافی ٹیسٹ کے لیے بھارتی ٹیم کیساتھ پرتھ کا سفر نہیں کیا تھا جس سے شائقین کے ذہنوں میں روہت کی کپتانی کو لے کر متعدد سوالات اٹھ رہے تھے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا کے خلاف بارڈر گواسکر ٹرافی سیریز کا پہلا ٹیسٹ 22 نومبر سے پرتھ میں کھیلا جائے گا۔