راولپنڈی، سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ لوگ مہنگائی سے مر رہے ہیں اور کسی کو پرواہ نہیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ 24 نومبر کے احتجاج کی کال پر میں کچھ نہیں کہہ سکتا، اصل مسائل کی طرف آئیں۔
شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ میرے اوپر 14 کیسز ہیں، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک مقدمے میں کل بری ہوا ہوں، میرے اوپر راولپنڈی میں 14 مقدمات بنائے گئے سب میں پیش ہو رہا ہوں، امید ہے جلد ہی کیسز سے فری میں سرخرو ہوں گا۔
دوسری جانب قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے سابق وزیراعظم عمران خان، جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ اور جنرل (ر) فیض حمید پر اپنے خلاف سازشوں کا الزام عائد کرتے ہوئے یہ کہا کہ سب سے زیادہ ظلم ہم نے برداشت کیے ہیں۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کے دوران قائد ن لیگ نواز شریف کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اور عدلیہ کے گٹھ جوڑ نے منتخب حکومت ختم کی اور پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا۔
میاں نواز شریف کی جانب سے یاد دلایا گیا کہ جیل میں بیوی کی وفات کی خبر سننا ان کے لیے ناقابل فراموش صدمہ تھا، لیکن ہم نے ہمیشہ اپنی خدمات کو فرض سمجھ کر انجام دیا۔