رکن قومی اسمبلی پیپلز پارٹی سید نوید قمر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی تمام پروجیکٹس کی حمایت کرتی ہے۔
ٹنڈو محمد خان، رکن قومی اسمبلی پیپلز پارٹی سید نوید قمر کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی تمام پروجیکٹس کی حمایت کرتی ہے، لیکن کسی کے فائدے کے لیے دوسرے سے زیادتی ہرگز برداشت نہیں کرے گی۔
سید نوید قمر نے پیپلزپارٹی کے رہنما پیر معصوم جان سرہندی کے والد کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران یہ کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی جماعت ہے اور عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے، دریائے سندھ پر 6 کینال منصوبے کے خلاف قومی اسمبلی سمیت حکومت سے معاملات جاری ہیں۔
رہنما پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ کسی کے فائدے کے لئے دوسرے کا نقصان ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، کسی کو فائدہ پہنچانے کے اور بھی بہت طریقے ہیں، ٹرمپ کے امریکی صدر بننے کے بعد پاکستان پر منفی اثرات سے متعلق کئے جانے والے سوال کے جواب میں سید نوید قمر کا کہنا ہے کہ ماضی اور حال میں بہت فرق ہے۔
نوید قمر نے کہا کہ ٹرمپ کے امریکی صدر بننے کے بعد پاکستان پر کسی قسم کے منفی اثرات مرتب نہیں ہوں گے، ہمارا ملک ہمیشہ سے ہی دنیا بھر کے ممالک سے دوستی کا خواہاں رہا ہے، آئندہ بھی دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ دوستی کا رشتہ رکھنے کا خواہاں ہے۔