واشنگٹن، امریکا میں فیڈرل کورٹ آف اپیل کی جانب سے خفیہ دستاویزات سے متعلق مقدمے میں منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف اقدامات روک دیے گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ فیصلہ امریکا کے محکمہ انصاف کے خصوصی قانونی مشیر جیک اسمتھ کی درخواست پر کیا گیا، اس اقدام کا مقصد اس ”غیر معمولی صورتحال“ کا تجزیہ کرنے کیلئے وقت حاصل کرنا ہے، جو ٹرمپ کے دوبارہ انتخاب کے نتیجے میں پیدا ہو گئی ہے۔
اسی طرح کا اقدام گزشتہ ہفتے اس وفاقی مقدمے میں بھی سامنے آیا تھا جس میں سابق صدر ٹرمپ کیخلاف 2020 کے الیکشنز میں نتائج تبدیل کرنے کی سازش کے الزام کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
جیک اسمتھ نے بدھ کے روز فیڈرل کورٹ آف اپیل کو یہ بتایا کہ وہ تجزیے کے بعد اپنے نتائج 2 دسمبر کو پیش کریں گے۔
یاد رہے کہ امریکا میں وزارت انصاف گزشتہ 50 سال سے زیادہ عرصے سے موجودہ صدر کے خلاف قانونی کارروائی نہ کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، وائٹ ہاؤس میں واپس آتے ہی ٹرمپ وزارت انصاف کو اپنے خلاف عائد الزامات ختم کرنے کے احکامات جاری کر سکتے ہیں۔