لاہور، صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اڈیالہ جیل کا قیدی خونی انقلاب کے خواب دیکھ رہا ہے، لاشوں کی سیاست عمران خان کا پرانا وطیرہ رہا ہے۔
ایک بیان میں وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اڈیالہ جیل کے قیدی کو جیل سے نکلنے کیلئے لاشوں کی ضرورت ہے۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان میں یہ کہاں لکھا ہے کہ ایک صوبے کا وزیراعلیٰ ہر مہینے وفاق پر چڑھائی کرے گا؟ ایک وزیراعلیٰ سرکاری مشینری اور عملے کو جتھے کے طور پر استعمال کریگا؟
اگر ایک وزیراعلیٰ کے عدالت میں پیشی سے سرکاری امور متاثر ہوتے تو وفاق پر حملے سے کونسی صوبے کی خدمت ہورہی ہے؟
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ جو پیسہ صوبے کی عوام کے فلاح بہبود پر خرچ ہونا چاہیے وہ جلسے اور احتجاج پر خرچ ہورہا، عدالت کووزیراعلیٰ سے ان پیسوں کا حساب لینا چاہیے۔
صوبائی وزیراطلاعات نے وزیراعلیٰ پختونخوا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پچھلے 8 مہینوں سے پختونخوا کی عوام کیلئے ایک بھی فلاحی منصوبہ شروع نہیں ہوسکا، وزیراعلیٰ مریم نوازکی جانب سے پنجاب میں 8 مہینے میں 84 نئے عوامی فلاح کے منصوبے شروع کیے ہیں۔
علی امین گنڈا پور کو حکومتی اُمور چلانے کیلئے مریم نواز کے ویژن سے سبق سیکھنا چاہیے، پنجاب کے منصوبوں کو کاپی کرنے کے اعلانات تو کیے جاتےہیں مگر کارکردگی صفر رہی ہے۔