ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی اور و دیگر سیاسی رہنماؤں کیخلاف لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس کی سماعت ہوئی جس میں پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر، سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید و دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے اسد قیصر و دیگر کی درخواست بریت پر دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا۔ بعدازاں جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود نے بریت کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنایا۔
عدالت نے عمران خان، اسد قیصر، سیف اللہ نیازی، شیخ رشید، صداقت عباسی، فیصل جاوید اور علی نواز کو اس کیس سے بری کر دیا۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی، سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید،اسد قیصر و دیگر کیخلاف لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کا مقدمہ 20 اگست 2022 کو تھانہ آبپارہ میں درج کیا گیا تھا۔
دوسری جانب صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری کہتی ہیں تحریک انصاف کی سیاسی پیدائش احتجاج، دھرنے اور جلسوں کی شرط پر ہوئی تھی۔
ایک بیان میں صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ ایمپائر کی انگلی، سازشی کردار اور سہولتکاری بانی پی ٹی آئی کی سیاست کا قبلہ رہے ہیں۔ چور چور کی گردان کرنے والے کا اپنا پورا ٹبر چوری میں رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔