سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت نے عوام میں رنج، غم اور صرف نفرت پھیلائی ہے۔
اسلام آباد میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے حکومت پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام میں غم و غصہ اور نفرت کو بڑھا دیا ہے، جس کی وجہ سے عوام مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک میں کاروبار پہلے ہی تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں، اور اب سموگ کے بڑھتے ہوئے مسئلے نے روزمرہ زندگی کو مزید مفلوج کر دیا ہے۔
شیخ رشید نے حکمرانوں پر یہ الزام بھی عائد کیا کہ وہ غریب عوام کے حالات سے بے خبر ہیں اور ان کی تکالیف کو سمجھنے سے قاصر ہیں۔
سابق وفاقی وزیر داخلہ نے نواز شریف کے حالیہ بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو انڈے اور ٹماٹر مارے جا رہے ہیں، اور اس صورتحال میں عوام سے یہ توقع رکھنا کہ وہ پھولوں کا استقبال کریں گے، حقیقت سے بعید ہے۔