گورنر خیبر پختونخوا اور سینئر رہنما پیپلزپارٹی فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ صوبے میں اس وقت 2 حکومتیں چل رہی ہیں۔
مردان، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ صوبے میں اس وقت 2 حکومتیں چل رہی ہیں، تاہم صوبے میں ابھی ایسی صورتحال نہیں کہ گورنر راج لگایا جائے۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی جانب سے سابق وزیر اعلیٰ امیر حیدر ہوتی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا گیا کہ ایک حکومت بشریٰ بی بی اور دوسری وزیر اعلیٰ چلا رہے ہیں۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ آئین میں گورنر راج کی شق موجود ہے، تاہم صوبے میں ابھی ایسی صورتحال نہیں کہ گورنر راج لگایا جائے۔
گورنر پختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبائی کابینہ میں ایک وزیر زیادہ ہے اسے ڈی نوٹیفائڈ کرنا پڑے گا، ہماری نسلوں کو سنوارنے والے اساتذہ آج سڑکوں پر ہیں اور صوبے کے پاس تنخواہوں اور پنشن کے لیے پیسے تک موجود نہیں۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ 26 یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر نہیں ہیں، سرکاری ملازمین کو اسٹیٹ کے خلاف استعمال کیا گیا، جبکہ قیدی جلسے جلوسوں سے نہیں عدالتوں سے رہا ہوں گے۔
رہنما پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ باقی صوبوں میں ترقیاتی منصوبے جاری ہیں جبکہ ہمارے ہاں صرف دھرنوں کے اعلانات ہو رہے ہیں۔