پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے حکومتی ہدایت پر چیمپئنز ٹرافی کے پاکستان میں انعقاد کے معاملے پر آئی سی سی کو جوابی خط لکھ دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خط میں پی سی بی نے پاکستانی حکومت کے سخت مؤقف سے آگاہ کرتے ہوئے بھارت کے پاکستان نہ آنے کی ٹھوس وجوہات مانگ لیں۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے خط میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہو گی، ہائبرڈ ماڈل قبول نہیں، دیگر ٹیمیں اگر پاکستان آسکتی ہیں تو بھارت کو آنے میں کیا مسئلہ ہے؟
خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بھارت کے پاکستان میں نہ کھیلنے کی وجوہات سمجھ سے بالاتر ہیں، بھارت کے بغیر بھی چیمپئنز ٹرافی کرا سکتے ہیں، اس کی جگہ کسی اور ٹیم کو بھی بلایا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب جی ٹی وی چینل سے گفتگو کے دوران سابق ٹیسٹ کرکٹر جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ لگتا ہے بھارتی کرکٹ ٹیم نے پاکستان نہ آنے کی قسم کھا رکھی ہے، پاکستان اور بھارت ہمسایہ ملک ہیں، ایک دوسرے سے الگ نہیں ہوسکتے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر کامران اکمل کا کہنا ہے کہ اب پاکستان کو بھارت کیخلاف سخت موقف اپنانا ہوگا، ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی ہمیشہ بھارت کو فیور دیتا ہے، بھارت کی طرف سے شرائط رکھنا اچھی بات نہیں ہے۔