جنیوا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ نمونیا سے بچاؤ اور بروقت علاج کی آگاہی اجتماعی ذمہ داری ہے۔
نمونیا سے بچاؤ کے سلسلے میں عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ نمونیا سے احتیاط ضروری ہے، بچوں اور بزرگوں کیلئے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، اس مرض سے دنیا بھر میں سالانہ لاکھوں بچےاور بزرگ متاثر ہوتے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ 5 سال سے کم عمر بچوں کو نمونیا سے بچاؤ کی ویکسینیشن ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بروقت تشخیص اور علاج سے نمونیا پر قابو پایا جا سکتا ہے، نمونیا سے بچاؤ اور بروقت علاج کی آگاہی اجتماعی ذمہ داری ہے، نمونیا سے بچاؤ کیلئے سردی میں بچوں کی صحت پر خاص توجہ دیں۔
دوسری جانب پنجاب حکومت کی جانب سے مصنوعی بارش کا تجربہ راولپنڈی میں کرنے کا فیصلہ کر لیاگیا۔
ذرائع محکمہ ماحولیات کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں بادلوں کی ممکنہ موجودگی میں مصنوعی بارش کا فیصلہ کیا جائے گا۔
محکمہ ماحولیات پنجاب سمیت متعلقہ ادارے راولپنڈی میں پہنچ گئے ہیں، مقامی طور پر مصنوعی بارش کا پاکستان میں پہلا تجربہ کیا جائے گا۔