اسلام آباد، پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی نے ملک میں غیر رجسٹرڈ وی پی این بلاک کرنا شروع کردیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی اے کی جانب سے ملک میں غیر رجسٹرڈ وی پی این بلاک کرنا شروع کردیے گئے ہیں اور یہ فیصلہ وی پی این کی وائٹ لسٹنگ کے لیے کیا گیا ہے۔
ذرائع نے کہا کہ غیر رجسٹرڈ وی پی این سکیورٹی رسک ہیں، غیر رجسٹرڈ اور غیرقانونی وی پی این سے حساس ڈیٹا تک رسائی ہوسکتی ہے جبکہ غیر رجسٹرڈ وی پی این سے غیرقانونی مواد تک رسائی بھی ہوسکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی اے کی جانب سے 2010 میں وی پی این کی رجسٹریشن کا آغاز کیا گیا اور اب تک 20 ہزار 500 کے لگ بھگ وی پی این رجسٹرڈ کیے جاچکے ہیں جب کہ 1422 سے زائد کمپنیاں اب تک وی پی این رجسٹرڈ کراچکی ہیں۔
وی پی این
وی پی این ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک کا مخفف ہے، وی پی این ایک ایسے نیٹ ورک کا نام ہے جو صارفین کو پوشیدہ طور پر براؤزنگ کی اجازت دیتا ہے۔
ایسے تمام ممالک جہاں پر انٹرنیٹ صارفین کی سوشل میڈیا سائٹس تک رسائی ممکن نہیں ہوتی وہاں پر وی پی این کی مدد حاصل کرکے صارفین اپنا مقام تبدیل کرکے ان سوشل میڈیا سائٹس کو ایکٹو کرسکتے ہیں۔