کراچی، سابق سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کا پاکستان سے کوئی لینا دینا نہیں۔
کراچی کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران آغا سراج درانی کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کے پاکستانی معاملات سے متعلق جو شوشہ چھوڑا گیا ہے اس کی کوئی حقیقت نہیں، ہمارا اپنا قانون ہے اور امریکا کا اپنا قانون ہے۔
آغا سراج درانی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کبھی بھی فرینڈلی نہیں ہوتی، اگر اپوزیشن کو ہاؤس میں موقع نہیں ملے گا تو باہر بولیں گے، بہتر ہے اپوزیشن ہاؤس میں اپنی بھڑاس نکال لے۔
اپنے کیس سے متعلق گفتگو کے دوران آغا سراج درانی کا کہنا تھا کہ 6 برس ہوگئے، اسی طرح کیس چل رہا ہے، عدالت جب بلاتی ہے حاضر ہوتے ہیں۔
سابق سپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ پہلے بھی کیسز کا سامنا کیا ہے، اگر کیسز مقررہ مدت میں نمٹائے نہیں جاتے تو انہیں ختم کر دینا چاہیے، تاریخ پر تاریخ کا مقصد ہی یہی ہوتا ہے کہ عدالتوں میں آتے رہیں۔
دوسری جانب کراچی کی احتساب عدالت میں سابق سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اور دیگر کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس سے بریت اور ریفرنس کے دائرہ اختیار کے حوالے سے ملزمان کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔
ملزمان کے وکیل کا کہنا تھا کہ نیب ترمیم کے بعد احتساب عدالت کے پاس ریفرنس کی سماعت کا اختیار نہیں تاہم احتساب عدالت کی جانب سے دونوں درخواستوں کی سماعت بغیر کارروائی 18 نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔