لاہور، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ بجلی کے ونٹر پیکیج کے نام پر عوام کو بے وقوف بنایا گیا ہے۔
جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ سے جاری اپنے ایک بیان میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے وزیراعظم پاکستان کے مہنگائی کم کرنے کے دعوے کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے یہ سوال اٹھایا کہ اگر ایسا ہے تو پھر پٹرول اور بجلی کی قیمتیں کم کیوں نہیں ہورہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے سردیوں سے متعلق حکومت کے بجلی پیکیج پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے ونٹر پیکیج کے نام پر عوام کو بے وقوف بنایا گیا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ شہباز شریف کے مہنگائی کم کرنے کے دعوے جھوٹ ہیں، موجودہ حکومت جھوٹ اور فارم 47 کی بنیاد پر کھڑی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آئی پی پیز کو ہزاروں ارب روپے کیپیسٹی چارجز کی مد میں دیے جا رہے ہیں، اشرافیہ ٹیکس نہیں دیتی، غریبوں اور تنخواہ داروں کا خون نچوڑا جارہا ہے، پاکستان میں 77 سالوں سے کوالٹی ایجوکیشن دستیاب نہیں ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا کہ حکومت 14 ہزار اسکولوں کو پرائیویٹ سیکٹر کے حوالے کرنا چاہتی مگر جماعت اسلامی اس فیصلے پر مزاحمت کرے گی۔