پشاور، خیبر پختونخوا میں 55 ارب روپے کی لاگت کے سولرائزیشن فلیگ شپ منصوبے پر عمل درآمد شروع کردیا گیا۔
55 ارب روپے مالیت کے 2 الگ الگ سولرائزیشن منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے جاچکے ہیں۔
منصوبے کے تحت تمام سرکاری عمارتوں کو سولرائز کیا جائے گا، اسپتالوں، یونیورسٹیوں، کالجوں، تھانوں، جیل خانہ جات، ٹیوب ویلز اور سرکاری دفاتر کو سولرائز کردیا جائے گا۔
سرکاری عمارتوں کے سولرائزیشن منصوبے کی لاگت کا تخمینہ 20 ارب روپے ہے، ابتدائی طور پر 13 ہزار سرکاری عمارتوں کی سولرائزیشن کا تخمینہ 15 ارب روپے لگایا گیا ہے۔
صوبائی حکومت کی جانب سے مستحق افراد کو سولر سسٹم کی فراہمی کا تخمینہ 35 ارب روپے لگایا گیا ہے،1 لاکھ بندوبستی اضلاع، 30 ہزار ضم اضلاع کے گھرانوں کو سولر سسٹم دیا جائے گا۔
منصوبے کے تحت 1 لاکھ 30 ہزار گھروں کو سولر یونٹس فراہم کیے جائیں گے، 65 ہزار گھرانوں کو مفت جبکہ 65 ہزار گھرانوں کو 50 فیصد رعایت پر سولر سسٹم دیا جائے گا۔
اس متعلق وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے کہا کہ شہریوں کو ریلیف دینے کے لیے پُرعزم ہیں، سولر منصوبے میں زیادہ لوڈ شیڈنگ والے علاقوں کو فوقیت دی جائے گی۔