تھانہ صدر کھاریاں میں پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسرا نکاح کرنے پر دولہا، نکاح خواں اور گواہان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
کھاریاں کے تھانہ صدر میں پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کرنے پر دولہا، نکاح خواں اور گواہان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق، سرائے عالمگیر کے رہائشی منیر حسین کی جانب سے درج کردہ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ان کی بیٹی حفصہ منیر کی شادی ندیم عباس سے ہوئی تھی، مگر جون 2023 میں ندیم نے اپنی بیوی کو گھر سے نکال دیا۔ بعد ازاں، اس نے اپنی پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر شہناز کوثر نامی خاتون سے دوسری شادی کر لی۔
ایف آئی آر کے مطابق، ندیم عباس نے نکاح نامے میں خود کو کنوارہ ظاہر کیا اور اس نکاح کے لیے کسی مجاز اتھارٹی سے اجازت نامہ بھی حاصل نہیں کیا۔
پولیس نے ندیم عباس، نکاح خواں اللہ دتہ، اور گواہان محمد رخشا اور ہارون بشیر کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ اس کیس میں دلہن شہناز کوثر کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ مزید تفصیلات سامنے آسکیں۔