وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ آئے گا تو ان کے لیڈر کو آزاد کرائے گا کسی لطیفے سے کم نہیں ہے۔
ایک بیان میں احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا صدر منتخب ہونا امریکی عوام کا فیصلہ تھا، ہم اس کا احترام کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ امریکی الیکشن کے نتائج پر ایک سیاسی جماعت کے مطابق ٹرمپ آئے گا تو ان کے لیڈر کو آزاد کرائے گا، کسی لطیفے سے کم نہیں ہے۔
پاکستان ایئر لائن ( پی آئی اے) کی نجکاری سے متعلق احسن اقبال کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے وزیر ہوا بازی کی وجہ سے پی آئی اے کو اربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا، ہم کسی بھی قومی ادارے کو کوڑیوں کے دام نہیں بیچیں گے۔
عدلیہ کے الاؤنسز کے حوالے سے سوال پر وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا عدلیہ کے جو الاؤنسز بڑھائے گئے ہیں اس کا جواب وزیر قانون دیں گے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عدلیہ میں آئینی بینچ باہر سے نہیں لایا گیا، یہ سپریم کورٹ کے ججوں پر ہی مشتمل ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان جلد 5 سال کا معاشی روڈ میپ دینے جا رہے ہیں۔