لاہور، پنجاب حکومت کی جانب سے مزید 19 شہروں میں سیف سٹی کیمرے لگانے کی منظوری دے دی گئی۔
سیف سٹیز حکام کا کہنا ہے کہ 19 شہروں میں لودھراں، بہاولنگر، جہلم، وہاڑی، لیہ، تونسہ، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ و دیگر شامل ہیں، 19 شہروں میں 5 ہزار سے زائد کیمروں کی تنصیب کی جائے گی۔
ان تمام شہروں کے کیمروں کی سینٹرلائزڈ مانیٹرنگ ہیڈ کوارٹر سے کی جائے گی۔
حکام کے مطابق لاہور کیساتھ ساتھ دیگر شہروں کے کیمروں سے مانیٹرنگ کے لئے اضافی ویڈیو وال بنائی جائے گی۔
کیمروں کی نیٹ ورکنگ پر تقریباََ سوا 5 ارب روپے کے اخراجات آئیں گے، جون 2025 تک 19 شہروں میں کیمروں کی تنصیب کرلی جائے گی۔
سیف سٹیز حکام کے مطابق پہلے مرحلے میں شیخوپورہ، راولپنڈی، سیالکوٹ، گجرات، مریدکے اور گوجرانوالہ سمیت اٹھارہ شہروں میں کیمروں کی تنصیب جاری ہے۔
متعدد شہروں میں کیمرے فعال ہوچکے ہیں جبکہ باقیوں کو جلد مکمل کر کے منصوبے کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔