ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ تارکین وطن کو امریکہ سے نکالنے کے بیان پر قائم ہوں۔
واشنگٹن، صدارتی انتخابات جیتنے کے بعد بھی ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تارکین وطن کی آمد روکنے اور انہیں امریکا سے نکالنے کے بیانات پر قائم رہنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔
صدارتی انتخابات میں کامیابی کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امریکی میڈیا کو اپنا پہلا انٹرویو دیتے ہوئے یہ کہا گیا کہ وہ امریکا کے بارڈرز کو محفوظ بنانے اور تارکین وطن کو ملک بدر کرنے کے اپنے بیانات پر قائم ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ لوگوں کی ملک بدری کی قیمت کے سوال پر ٹرمپ نے جواب دیا کہ یہ قیمت کی بات نہیں ہے، خاص کر ایسے وقت میں جب لوگوں کو قتل کیا جائے اور منشیات گینگ ملک کو تباہ کررہے ہیں تو ایسی صورت میں لوگوں کا واپس جانا ہی بہتر ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ وہ لوگوں کے امریکا آنے کے خلاف بالکل نہیں بلکہ وہ چاہتے ہیں کہ لوگ امریکا آئیں۔
امریکا میں تارکین وطن کی تعداد لاکھوں میں ہے اور حکام کے مطابق اتنے زیادہ لوگوں کو ملک بدر کرنے کے پلان میں حکومت کو معاشی اور نقل و حمل کے مسائل درپیش ہونگے۔